بیندور 15؍نومبر(ایس او نیوز)آج صبح کی اولین ساعتوں میں اڈپی ضلع کے بیندور میں نیشنل ہائی وے 66پر ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں رات کی ڈیوٹی پر متعین ایک ٹریفک کانسٹیبل کی سامان سے لدے ہوئے ٹرک کے نیچے کچل جانے سے مو ت واقع ہوگئی۔
کہاجاتا ہے کہ حادثے کی زد میں آنے والا مہلوک کانسٹیبل ناگیش بیلّوابیندور پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھا اور اپنی رات کی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا ۔ اس کی موٹر سائیکل کمبڈ کونے کے مقام پر سڑک کے کنارے پارک کیے گئے ٹرک سے ٹکراگئی اور ناگیش بری طرح زخمی ہوگیااور بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔معلوم ہوا ہے کہ ناگیش کی شادی ابھی پانچ مہینے قبل ہوئی تھی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر بیندور پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا ہے۔اڈپی ڈسٹرکٹ ایس پی لکشمن نمبرگی نے خود ذاتی طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیااور ناگیش کے پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی لاش اہل خانہ کے حوالے کرنے کی پوری کارروائی خود اپنی نگرانی میں انجام دی۔